رومانیہ،22ڈسمبر(ایجنسی) رومانیہ میں ایک ماہر اقتصادیات خاتون ملک کی وزیراعظم بننے سے دو قدم کی دوری پر ہیں۔وہ رومانیہ کی پہلی خاتون اور مسلم وزیراعظم ہوں گی۔
رومانیہ کی دائیں بازو کی سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی کے چئیرمین لیویو ڈرجنیا نے بدھ کے روز سویل شیدہ کو وزیراعظم نامزد کیا ہے۔اس جماعت نے 11 دسمبر کو منعقدہ
پارلیمانی انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل کی تھی لیکن وہ حکومت بنانے کے لیے درکار واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔
52 سالہ شیدہ اس جماعت کی رکن ہیں لیکن انھوں نے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔وہ رومانیہ میں کوئی بہت زیادہ معروف سیاست دان بھی نہیں ہیں۔ وہ سنہ 2015ء میں چھے ماہ کے لیے علاقائی ترقی کی وزیر رہی تھیں۔اس وقت وہ اس وزارت میں ایک عہدہ دار کے طور پر کام کررہی ہیں۔